الاوہ بی بی دبیر پورہ پر کویتا کی بصد عقیدت و احترام حاضری۔ جلوس کے لئے مستقل ہاتھی کے نظم کا مطالبہ

پیغام کربلا ساری انسانیت کے لئے مشعل راہ

حق و صداقت کے لئے حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء کی لازوال قربانی

 الاوہ بی بی دبیر پورہ پر کےکویتا کی بصد عقیدت و احترام حاضری۔ جلوس کے لئے مستقل ہاتھی کے نظم کا مطالبہ

 

سربراہ تلنگانہ رکشنا سینا کلواکنٹلہ کویتا نے آج حیدرآباد کے دبیر پورہ میں واقع الاوہ بی بی اور علی نگر کالونی میں موجود عاشورخانہ روضۃ المہدی پر بصد عقیدت و احترام حاضری دی اور ڈھٹی پیش کی۔اس موقع پر کویتا نے حضرت امام حسینؓ، ان کے اہلِ خانہ اور ساتھیوں کی لازوال قربانی کو یاد کیا۔ انہوں نے کہاکہ ظلم کے خلاف ڈٹ جانا اور حق و صداقت کی حمایت ہی کربلا کا پیغام ہے۔ماہِ محرم ہمیں کربلا کے اس عظیم واقعہ کی یاد دلاتا ہے، جہاں حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے سچائی، انصاف اور انسانیت کے لئے بے مثال قربانی پیش کی۔

 

یہ واقعہ ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ حق کی راہ مشکل ضرور ہوتی ہے تاہم یہی راستہ انسان کو بلند مقام عطا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام ساری انسانیت کے لئے مشعلِ راہ ہے، جو ہمیں سکھاتا ہے کہ ظلم کے سامنے خاموش رہنا درست نہیں اور سچائی کے لئے ڈٹ جانا ہی اصل جرات مندی ہے۔اس موقع پر سربراہ ٹی آر ایس نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کی اورکہا کہ تلنگانہ حکومت تاریخی بی بی کے علم کے جلوس کے لئے مستقل ہاتھی کے نظم کو یقینی بنائے کیونکہ یہ جلوس روایتی طورپر غیر معمولی مذہبی و ثقافتی اہمیت رکھتا ہے

 

۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ بونال اور محرم کے لئے ایک ہاتھی خریدے تاکہ ہر سال کسی کو انتظار نہ کرنا پڑے۔ کویتا نے کہا کہ حکومت ہمیشہ توجہ دلانے کے بعد ہی متحرک ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عاشورخانوں کو حکومت کی جانب سے فراہم کیا جانے والا بجٹ بھی مقررہ وقت پر جاری کیا جائے کیونکہ صرف بلند بانگ دعوؤں سے کچھ نہیں ہوتا بلکہ عملی اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج ہمیں اپنے معاشرے میں باہمی احترام، ہمدردی اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہئے تاکہ ایک پرامن اور بہتر معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔اس موقع پر کویتا کے فرزند آدتیہ بھی موجود تھے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *