آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے 60 روز تک کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی، ایرانی سیکورٹی کونسل

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے مطابق آئندہ ساٹھ روز تک آبنائے ہرمز سے گزرنے کے خواہش مند جہازوں سے کسی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی اور اس کے تمام اخراجات ایرانی حکومت برداشت کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق، کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خلیج فارس آبی گذرگاہ کے انتظامی ادارے کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ مفاہمتی یادداشت کے اہداف کے حصول کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں پر ترجیحی بنیادوں پر تیزی سے کارروائی کی جائے اور ان کا بروقت جواب دیا جائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ غیر معمولی حالات اور راستے میں بعض حفاظتی خطرات کے پیش نظر بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت کو یقینی بنانے اور ممکنہ بحری حادثات سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ جہاز انہیں فراہم کیے جانے والے مقررہ راستے اور اوقات کے مطابق سفر کریں، تاکہ بتدریج بحری آمدورفت میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔

سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے مطابق، آبنائے ہرمز سے گزرنے کے انتظامی طریقہ کار اور تکنیکی تفصیلات خلیج فارس آبی گذرگاہ کے انتظامی ادارے کی جانب سے بعد میں جاری کی جائیں گی۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دیگر معاملات، بالخصوص بارودی سرنگوں کی صفائی سمیت ضروری اقدامات، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی شق نمبر 5 کے مطابق انجام دیے جائیں گے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *