
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ لیو چہاردہم نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے فوجی تصادم سے دوری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پوپ لیو چہاردہم نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان ایک ایسی مفاہمتی یادداشت طے پا گئی ہے جس پر جمعہ کو باضابطہ دستخط کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ابھی اس معاہدے میں کئی نکات طے ہونا باقی ہیں، تاہم مسائل کے حل کے لیے دوبارہ جنگ کی طرف جانے کے بجائے مذاکرات اور بات چیت کا راستہ ہمیشہ بہتر ہوتا ہے۔
پوپ نے امید ظاہر کی کہ یہ مفاہمتی یادداشت واقعی جنگ کے خاتمے اور پائیدار امن کی بنیاد بن سکتی ہے تاکہ تمام فریقین کے مفاد میں آگے بڑھا جاسکے۔
یاد رہے کہ ایرانی وزارت خارجہ نے اتوار کے روز اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس پر جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں باضابطہ دستخط کیے جائیں گے۔
