یمن: لاکھوں افراد کا اجتماع، ٹرمپ کے خلاف نعرے اور ایران و حزب اللہ کی کامیابی پر مبارک باد

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یمن کے دارالحکومت صنعاء کے السبعین اسکوائر پر لاکھوں یمنی شہریوں نے ایک بڑے احتجاجی اجتماع میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مکہ مکرمہ سے متعلق توہین آمیز بیان کی شدید مذمت کی اور ایران، حزب اللہ اور مقاومتی محاذ کو ان کی تاریخی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

احتجاجی مظاہرے کے اختتامی بیان میں کہا گیا کہ بین الاقوامی صیہونزم اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے اسلامی مقدسات اور مذہبی شعائر کی توہین قابل مذمت ہے۔

مظاہرین نے قرآن کریم، رسول اکرمؐ اور دیگر اسلامی مقدسات کے خلاف ہونے والی مسلسل توہین آمیز کارروائیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد امت مسلمہ کو ہدایت اور نور کے سرچشموں سے دور کرنا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ اسلامی دنیا کی خاموشی نے دشمنوں کو اس طرح کی توہین آمیز کارروائیاں جاری رکھنے کا حوصلہ دیا ہے۔ مکہ مکرمہ کے بارے میں ٹرمپ کا بیان ان کی انتقامی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے، جو ایران اور مقاومتی محاذ سے اپنی تاریخی شکست کے تناظر میں سامنے آئی ہے۔

شرکاء نے ہاتھوں میں قرآن کریم اٹھا کر اسلامی مقدسات کے دفاع، قرآن کی تعلیمات سے وابستگی اور امتِ مسلمہ کے خلاف صہیونی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور زور دیا کہ تمام مسلمانوں کو اپنی دینی اور اخلاقی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے مقدساتِ اسلام کے تحفظ اور اسلام مخالف سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے متحد ہونا چاہیے۔

احتجاجی بیان میں یمن کے عوام کی جانب سے اسلام، قرآنِ کریم اور اسلامی اقدار کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا اور ایران، حزب اللہ اور مقاومتی محاذ کو اس مرحلے میں حاصل ہونے والی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے استکباری قوتوں کے مقابلے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔

مظاہرین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خطے کو درپیش چیلنجز کے پیش نظر امت مسلمہ کو بیدار، متحد اور آئندہ مراحل کے لیے ہر سطح پر تیار رہنا چاہیے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *