جنوبی لبنان میں شدید جھڑپیں، حزب اللہ نے اسرائیلی ڈرون ڈوم سسٹم تباہ کر دیا

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان اور مقبوضہ فلسطین کی سرحدی پٹی میں اسرائیلی فوج کے متعدد اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جن میں ایک ڈرون دفاعی نظام بھی شامل ہے۔

مقاومت اسلامی لبنان کے جاری کردہ بیان کے مطابق اسرائیلی فوج کی ایک نفوذی یونٹ، جو دو مرکاوا ٹینکوں اور ایک بلڈوزر پر مشتمل تھی، مشرقی زوطر کے شمالی مضافات میں تقریباً ایک کلومیٹر اندر تک پیش قدمی کی کوشش کر رہی تھی۔ حزب اللہ کے مطابق اس فورس کو میزائلوں اور توپ خانے کی گولہ باری کا نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد اسے پسپا ہونے پر مجبور ہونا پڑا۔

بیان میں کہا گیا کہ حزب اللہ نے البیاضہ کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں کے ایک اجتماع کو بھی توپ خانے سے نشانہ بنایا۔

مزاحمتی تنظیم نے مزید کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے قلعہ الشقیف کے اطراف میں نصب اسرائیلی فوج کے ڈرون ڈوم (Drone Dome) نامی ڈرون شکن اور الیکٹرانک جنگی نظام پر ایک خودکش ڈرون حملہ کیا۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے ان خبروں پر فوری طور پر کوئی تبصرہ سامنے نہیں آیا، تاہم سرحدی علاقوں میں کشیدگی اور جھڑپوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *