ایک بچے کی موت پوری انسانیت کی موت کے مترادف ہے، علی اکبر ولایتی

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر برائے بین الاقوامی امور علی اکبر ولایتی نے جنگوں میں بچوں کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی بچے کی جان کا ضیاع پوری انسانیت کے ضمیر کے لیے ایک المیہ ہے اور اسے تمام انسانوں کے بچوں کے نقصان کے برابر سمجھا جانا چاہیے۔

میناب اسکول کے شہداء کی یاد میں منعقدہ تقریب کے نام اپنے پیغام میں انہوں نے یاد دلایا کہ معصوم بچوں پر جارحیت کے متاثرین کا عالمی دن 1982 میں لبنانی اور فلسطینی بچوں کے قتل عام کے بعد منایا جانا شروع ہوا تھا۔

ولایتی نے کہا کہ آج بھی امریکہ اور اسرائیل اسی نوعیت کی کارروائیوں کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ایران کے خلاف حالیہ جنگ کے آغاز پر میناب کے شجرہ طیبہ اسکول میں 168 بچوں اور ان کے اساتذہ کی شہادت کا حوالہ دیتے ہوئے اسے ایک المناک مثال قرار دیا۔

انہوں نے بچوں کے خلاف حملوں کو ناقابل معافی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کے دعویدار بعض مغربی رہنما دوہرے معیار اور منافقت کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

علی اکبر ولایتی نے کہا کہ ایران اسلامی اقدار اور اپنی تہذیبی روایات کی بنیاد پر غزہ، لبنان اور دیگر جنگ زدہ علاقوں کے بچوں کی آواز عالمی برادری تک پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے بچوں، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے تحفظ کے لیے مؤثر بین الاقوامی قانونی اقدامات اور مضبوط حفاظتی نظام قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ مل کر بچوں کے تحفظ، تعلیمی مراکز کی سلامتی اور امن و انسانیت کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کرنے کے لیے آمادہ ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *