
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان کے وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی نے ایرانی وزیر خارجہ عراقچی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا۔
پاکستانی وزیرِ داخلہ کا یہ دورۂ تہران ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی رابطوں میں سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔ اسلام آباد گزشتہ ہفتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پیغامات کی ترسیل اور رابطوں میں معاونت کرتا رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سید محسن نقوی کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے بعد اسلام آباد واپس گئے تھے، جہاں انہوں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف اور دیگر اعلیٰ حکام سے مشاورت کی۔
رپورٹ کے مطابق پاکستانی وزیر داخلہ اپنے ہمراہ پاکستان کے سربراہِ فوج فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ایک خصوصی پیغام بھی لائے ہیں، جو رہبرِ انقلاب اسلامی کے لیے ہے۔
سید محسن نقوی نے تہران میں ایران کے وزیرِ داخلہ سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، سرحدی امور اور علاقائی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔
