زابل سرحد پر دہشت گردوں کی دراندازی ناکام، 6 دہشت گرد ہلاک

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی سرحدی فورس کے کمانڈر جنرل علی اکبر جاویدان نے اعلان کیا ہے کہ زابل سرحدی رجمنٹ کے اہلکاروں نے ایران میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک مسلح دہشت گرد گروہ کے 6 ارکان کو ہلاک کر دیا۔

سیستان و بلوچستان پولیس کے مطابق جنرل علی اکبر جاویدان نے بتایا کہ گزشتہ شب دہشت گرد گروہ کا ایک دستہ غیر قانونی طور پر اسلامی جمہوریہ ایران کی سرزمین میں داخل ہو کر سرحدی مراکز پر حملہ کرنا چاہتا تھا، تاہم سرحدی محافظوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں روک لیا۔

انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ اور سخت جھڑپ ہوئی، جس کے دوران سرحدی فورس کے اہلکاروں نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا۔ کارروائی کے نتیجے میں دہشت گرد گروہ کے 6 مسلح ارکان مارے گئے۔

کمانڈر کے مطابق جھڑپ کے بعد علاقے کی تلاشی کے دوران محافظوں نے دو پستول اور ان سے متعلق بڑی مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔ انہوں نے اس کامیاب کارروائی کو سرحدی محافظوں کی مستعدی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا نتیجہ قرار دیا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *