
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صہیونی حکومت کے سرکاری نشریاتی ادارے کان نے اعلان کیا ہے کہ حالیہ دنوں میں رات کے وقت کیے گئے حزب اللہ کے خودکش ڈرون حملوں کے نتیجے میں دو اسرائیلی فوجی ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ ڈرون اسرائیلی فوج کے خلاف رات کی کارروائیوں میں استعمال کیے گئے، جن کے باعث صہیونی فوجیوں کو قابل ذکر جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
اسی تناظر میں اسرائیلی ٹی وی چینل 12 نے شمالی علاقوں کے مقامی حکام کے سربراہان کے حوالے سے بتایا کہ ہمیں اپنے حال پر چھوڑ دیا گیا ہے اور نیتن یاہو کی کابینہ یہاں کی صورتحال سے مکمل طور پر بے خبر ہے۔
صہیونی وزارتِ صحت نے بھی اعلان کیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران حزب اللہ کے حملوں میں 10 افراد زخمی ہوئے، جنہیں علاج کے لیے اسرائیلی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
دوسری جانب حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں قصبہ یحمر الشقیف کے جنوب مشرقی علاقے میں موجود صہیونی فوجیوں کے ایک اجتماع کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
لبنانی اسلامی مزاحمت کے مطابق اس حملے کے نتیجے میں صہیونی فوج کو جانی نقصان پہنچا اور متعدد اہلکار زخمی ہوئے۔
حزب اللہ نے مزید بتایا کہ قصبہ یحمر الشقیف کے اطراف موجود اسرائیلی فوجی گاڑیوں کے ایک اجتماع کو بھی میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا۔
لبنانی مزاحمت نے ایک اور بیان میں جنوبی لبنان کے قصبہ القنطرہ میں اسرائیلی فوجیوں اور فوجی گاڑیوں کے اجتماع پر میزائل حملے کی اطلاع دی۔
حزب اللہ نے ایک علیحدہ بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان میں واقع تاریخی قلعہ الشقیف کے اطراف موجود صہیونی فوج کے ایک کمانڈ سینٹر کو دو خودکش ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا ہے۔
