
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ بحیرۂ عمان میں ایرانی جہاز لیان اسٹار پر امریکی حملے کے جواب میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے امریکی۔صہیونی ملکیت کے ایک جہاز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
بیان کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے ایرانی تجارتی جہاز “لیان اسٹار” پر حملے کے بعد سپاہ کی بحریہ نے جوابی آپریشن انجام دیا، جس کے دوران MSC Sariska نامی جہاز کو کروز میزائل کے ذریعے ہدف بنایا گیا۔
سپاہ پاسداران نے اس کارروائی کو مقابلہ بالمثل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی سمندری حدود اور قومی مفادات کے خلاف کسی بھی جارحیت کو بلا جواب نہیں چھوڑے گا۔
بیان میں مزید خبردار کیا گیا کہ خطے میں امریکی فوج کی جانب سے کسی بھی نئی کارروائی یا اشتعال انگیزی کا فیصلہ کن اور سخت جواب دیا جائے گا۔
سپاہ کی بحریہ کے مطابق بحیرۂ عمان اور اطراف کے سمندری علاقوں میں ایران کی دفاعی اور آپریشنل نگرانی مکمل طور پر برقرار ہے اور ملکی مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات جاری رہیں گے۔
