مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور وہاں بحری آمدورفت کی بحالی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فرانس کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے اور ہم ایسی جنگ کی قیمت ادا نہیں کرنا چاہتے جو ہماری جنگ نہیں ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ فرانس نے لبنان کی صورتحال پر غور کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔
فرانسیسی وزیر خارجہ نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے ایک بار پھر مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ اس آبی گزرگاہ کو دوبارہ کھولنا انتہائی اہم ہے کیونکہ فرانس کسی ایسے تنازع کے اقتصادی اور سیاسی اثرات برداشت نہیں کرنا چاہتا جس میں وہ فریق نہیں ہے۔
انہوں نے امریکہ کے موقف سے ہم آہنگی کا اظہار کرتے ہوئے دعوی کیا کہ آبنائے ہرمز بین الاقوامی پانیوں میں واقع ہے اور وہاں آزادانہ بحری آمدورفت کو یقینی بنایا جانا چاہیے، تاکہ جہازوں کی نقل و حرکت کسی قسم کے محصول یا دباؤ سے متاثر نہ ہو۔
ژاں نوئل بارو نے مزید کہا کہ ایران اور امریکہ کو جنگ کے خاتمے کے لیے ایک معاہدے تک پہنچنے کی خاطر اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لانی چاہئیں۔
