پیکنگ جاب کا جھانسہ، سعودی صحرا میں بھیڑ بکریوں کے ساتھ پھنس گیا جگتیال کا نوجوان

سعودی عرب کے صحرائی علاقے میں تلنگانہ کے جگتیال ضلع کے ایک نوجوان کے پھنس جانے کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے ویڈیو پیغام کے ذریعہ مدد کی اپیل کی ہے۔

 

جگتیال ضلع کے گولا پلی منڈل کے بی بی راج پلی سے تعلق رکھنے والے 23سالہ داسری اروند  روزگار کی تلاش میں سعودی عرب گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق اسے پیکنگ ورکر کی ملازمت کا جھانسہ دے کر تقریباً 90 ہزار روپے وصول کئے گئے، تاہم بعد میں اسے دارالحکومت ریاض سے تقریباً 950 کلومیٹر دور ایک صحرائی علاقے میں بھیڑ بکریوں کے چرواہے کے طور پر بھیج دیا گیا۔

 

نوجوان نے الزام عائد کیا ہے کہ وہاں نہ مناسب غذا فراہم کی جا رہی ہے، نہ پانی اور نہ ہی بنیادی سہولیات دستیاب ہیں، جس کی وجہ سے وہ شدید مشکلات اور ذہنی اذیت کا شکار ہے۔ اس نے اپنے سیلفی ویڈیو میں کہا کہ مالک کی جانب سے مبینہ طور پر ہراسانی بھی کی جا رہی ہے۔

 

داسری اروند نے حکومت اور سماجی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ اسے فوری طور پر وہاں سے نکال کر محفوظ طریقہ سے وطن واپس لایا جائے۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور افراد خاندان بھی شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *