وطن سے غداری کرنے والوں کو قانون کے مطابق کڑی سزا دیں گے، ایرانی چیف جسٹس

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کے چیف جسٹس حجت الاسلام والمسلمین محسنی اژه‌ای نے اعلان کیا ہے کہ وطن سے غداری کرنے والے عناصر کو قانون کے مطابق سختی سے عدالت میں پیش کرکے سزا دی جائے گی، اور اس راستے میں کسی کی تنقید یا ملامت کی پروا نہیں کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق محسنی اژه‌ای نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کہا کہ ایران کی بیدار قوم نے مسلسل 70 روز تک سڑکوں پر حاضری دی اور حالات کا رخ حق کے محاذ کے حق میں بدل دیا۔ ایران کی 40 روزہ جنگ میں کامیابی عوام کے شعور، شجاعت اور ولایت فقیہ سے وفاداری کا نتیجہ ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ وطن سے غداری کرنے والے عناصر کو قانون کے مطابق عدالت میں لاکر سزا دے گی اور اس ضمن میں کسی کی ملامت سے نہیں ڈرے گی، تاہم عدلیہ شریعت، قانون اور عدل و انصاف کی حدود سے تجاوز نہیں کرے گی۔

محسنی اژه‌ای نے مزید کہا کہ عدلیہ سکیورٹی اور انٹیلیجنس اداروں اور دیگر متعلقہ حکام کی بھرپور حمایت کرے گی تاکہ جاسوسوں، نفوذ کرنے والوں اور غداروں کی گرفتاری اور تعاقب میں کوئی کمزوری نہ ہو، لیکن ساتھ ہی اس بات کا بھی خیال رکھا جائے گا کہ جنگی حالات کے نام پر کسی پر ظلم نہ ہو۔

انہوں نے زور دیا کہ قومی اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط بنانا عدلیہ کی ترجیح ہے اور وحدت توڑنے والوں کے خلاف سخت موقف اپنایا جائے گا۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *