وفد نے صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کی جانب سے تعزیت پیش کی اور ایان سیفی کی والدہ اور نانی سے ملاقات کی۔ اس دوران اہل خانہ نے واقعہ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے شدید غم و صدمہ کا اظہار کیا۔ مولانا محمد قاسم نوری نے کہا کہ جمعیۃ علماء اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور انصاف دلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک بیوہ ماں کے اکلوتے سہارے کا بے رحمی سے قتل انتہائی افسوسناک اور تشویشناک واقعہ ہے۔
جمعیۃ علماء کے وفد نے مقامی پولیس افسران سے بھی ملاقات کی اور مطالبہ کیا کہ اس سنگین معاملہ کو معمولی واقعہ سمجھ کر نظر انداز نہ کیا جائے۔ وفد نے کہا کہ ایک بیوہ ماں کا اکلوتا سہارا بے دردی سے قتل کیا گیا ہے، اور وہ بھی بغیر کسی جھگڑا اور اشتعال کے۔ اس لیے تمام ملزمان کی فوری گرفتاری اور سخت ترین قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ وفد نے اس بات پر زور دیا کہ مقتول کے خاندان کو انصاف دلانا انتظامیہ کی اہم ذمہ داری ہے،نیز ان کی والدہ کو معقول معاوضہ بھی دیا جائے تا کہ وہ اپنی زندگی گزر بسر کرسکیں۔
