
حیدرآباد شہر میں ایک آٹو ڈرائیور کی غیر معمولی بہادری سامنے آئی ہے، جس نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر ایک روڈی شیٹر کو پکڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔ محمد ظہیر نامی آٹو ڈرائیور نے بیگم بازار جنسی چوراہا علاقہ میں ایک خاتون سے چین اسنیچنگ کی کوشش کرنے والے ملزم کو اپنی آٹو سے ٹکر مار کر روک دیا اور اس کی مزاحمت کے باوجود ڈٹے رہے۔
اطلاعات کے مطابق ملزم نے خاتون کے گلے سے سونے کی چین چھیننے کی کوشش کی، جس پر خاتون کے شور مچانے پر محمد ظہیر نے فوری ردعمل دیتے ہوئے تعاقب کیا اور فرار ہونے والے ملزم کو اپنی آٹو سے گرا دیا۔ اس دوران ملزم نے لکڑی سے حملہ بھی کیا، تاہم ظہیر نے ہمت نہ ہاری اور اسے قابو میں رکھنے میں کامیاب رہے، بعد ازاں گشت پر موجود پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے آٹو نمبر کی بنیاد پر محمد ظہیر کی شناخت کی اور انہیں تلاش کر کے اعزاز سے نوازا۔ سٹی پولیس کمشنر وی سی سجنار نے بنجارہ ہلز میں منعقدہ تقریب میں محمد ظہیر کو نقد انعام اور توصیفی سند پیش کرتے ہوئے ان کی جرات کو سماج کے لیے مثال قرار دیا۔
پولیس کمشنر نے کہا کہ ایسے ذمہ دار شہری ہی جرائم کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی جرم کی صورت میں خوفزدہ ہونے کے بجائے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔ پولیس نے دبیرپورہ سے تعلق رکھنے والے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کر لیا ہے، جس کے خلاف مختلف پولیس اسٹیشن میں پہلے سے کئی مقدمات درج ہیں۔

