مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ محمود قماطی نے واضح کیا ہے کہ حزب اللہ کا مؤقف بالکل ثابت اور غیر متزلزل ہے اور وہ لبنان کی سرزمین کی مکمل آزادی تک اپنی مزاحمت جاری رکھے گی۔
عرب چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ کسی بھی قسم کے بالواسطہ مذاکرات میں داخل ہونے سے پہلے مکمل جنگ بندی کا قیام ضروری ہے، کیونکہ جنگ بندی کے بغیر مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ مزاحمت اس وقت تک بند نہیں ہوگی جب تک لبنان کے تمام مقبوضہ علاقے آزاد نہیں ہو جاتے۔
قماطی نے مزید کہا کہ لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبیہ بری نے اسرائیلی دشمن کے ساتھ براہ راست مذاکرات کو واضح طور پر مسترد کیا ہے اور کسی کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ ان کے مؤقف کو نظرانداز کرے یا اس کی خلاف ورزی کرے۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں حزب اللہ کا صبر لامحدود نہیں اور یہ معاملہ اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ سے کسی طور وابستہ نہیں، بلکہ لبنان کی خودمختاری اور سلامتی کا بنیادی مسئلہ ہے۔
