تنہا خاتون کے ساتھ زیادتی کا پولیس عہدیدار پر الزام ؛ آندھرپردیش میں واقعہ

حیدرآباد – 30 اپریل ( اردولیکس) آندھرپردیش کے گنٹور ضلع کی ایک خاتون نے چہارشنبہ کے روز وینوکنڈا پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرواتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سرکل انسپکٹر چنّا ملیا نے اس کے گھر میں زبردستی داخل ہو کر جان سے مارنے کی دھمکی دی اور اس کے ساتھ زیادتی کی۔

 

متاثرہ خاتون اور پولیس کے بیان کے مطابق، وینوکنڈا ٹاؤن سے تعلق رکھنے والا ایک خاندان کچھ عرصے سے منڈل کے ایک گاؤں میں کرائے کے مکان میں رہ رہا ہے۔ اسی گاؤں میں مکان رکھنے والے سی آئی چنّا ملیا چہارشنبہ کے روز وہاں پہنچے اور پڑوس میں اکیلی موجود خاتون کو نشانہ بناتے ہوئے اس کے ساتھ سنگین واردات انجام دی۔

 

واقعہ کے بعد متاثرہ خاتون کو سرکاری ہاسپٹل منتقل کر کے طبی معائنہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ سی آئی حال ہی تک سی آئی ڈی میں خدمات انجام دے رہے تھے اور فی الحال وی آر میں ہیں۔ ان پر ماضی میں بھی سیاسی جانبداری کے الزامات لگتے رہے ہیں، جہاں انہوں نے وائی ایس آر کانگریس کے حق میں کام کرتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی کے کارکنوں کو مبینہ طور پر ہراساں کیا۔ سال 2024 میں کارمپُوڈی میں ایک ٹی ڈی پی لیڈر کو بندوق سے دھمکانے اور حال ہی میں ایک منڈل سطح کے ٹی ڈی پی لیڈر کو واٹس ایپ کے ذریعے دھمکیاں دینے کے الزامات بھی سامنے آئے تھے۔

 

خاتون کی شکایت پر چنّا ملیا کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جس کی تصدیق سی آئی پربھاکر نے کی۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *