نئی دہلی: دہلی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے ٹیکری بارڈر پر مجوزہ چوتھے انٹر اسٹیٹ بس ٹرمینل یعنی آئی ایس بی ٹی منصوبے کو فوری طور پر شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) ترنجیت سنگھ سندھو کو ایک میمورنڈم پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوامی سہولیات سے جڑے اہم منصوبوں میں تاخیر دہلی کے شہریوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔
ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ ٹیکری بارڈر آئی ایس بی ٹی کی منظوری سابق حکومت کے دور میں جون 2024 میں دی گئی تھی۔ اس منصوبے کا مقصد ہریانہ کی سمت جانے والی بین ریاستی بسوں کو منظم کرنا، کشمیری گیٹ آئی ایس بی ٹی پر بڑھتے دباؤ کو کم کرنا اور دہلی میں ٹریفک جام و فضائی آلودگی کے مسائل کو قابو میں لانا تھا۔
