حج 2026 – مدینہ منورہ: عازمین حج کے روحانی سفر کا پہلا پڑاو، مثالی خدمات

کے این واصف

حج 2026 کے لیے یومیہ بنیادوں پر عازمین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ مدینہ منورہ ان دنوں دنیا بھر سے آنے والے عازمین حج کے روحانی سفر کا پہلا پڑوا بنا ہوا ہے۔ مدینہ منورہ آنے والے عازمینِ حج یہاں آٹھ روز قیام اور چالیس نمازوں کی تکمیل کے بعد مکہ مکرمہ روانہ ہوجاتے ہیں

 

جہاں وہ عمرے کی ادائیگی کے بعد حج ایام تک قیام کرتے ہیں۔ انتظامیہ کے بنائے ہوئے طریقہ کے مطابق جو قافلے شوال کے اوآخر یا ذوالقعدہ کی ابتداء میں آتے ہیں ان کا پہلا پڑاؤ مدینہ منورہ ہوتاہے۔ یہ حجاج زیارت مدینہ منورہ کے بعد مکہ جاتے ہیں اور حصولِ سعادت حج کے بعد اپنے وطن لوٹ جاتے ہیں۔

 

عازمین مسجد نبوی میں نماز باجماعت ادا کرتے ہیں، روضہ شریفہ کی زیارت کرنے کے علاوہ زیادہ سے زیادہ وقت عبادت میں گزارتے ہیں۔سعودی خبررساں ایجنسی “ایس پی اے” کے مطابق مدینہ منورہ میں سرکاری اور دیگر ادارے عازمین حج کا خیرمقدم کرنے اور انہیں بہترین خدمات کی فراہمی کےلیے مصروفِ عمل ہیں۔

 

وزارتِ حج وعمرہ اور سرکاری اداروں کی ٹیمیں مدینہ منورہ میں عازمین کی رہائش اور دیگر مقامات کے انتظامات کر رہی ہیں۔ مسجد نبوی کے امور کی نگران اتھارٹی کی جانب سے عازمین حج کی رہنمائی اور انہیں بہترین خدمات فراہم کرنے کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔

 

معمر اور بیمار عازمین کے لیے مسجد نبوی میں مخصوص راستے متعین ہیں تاکہ وہ عازمین جو ویل چیئرکا استعمال کرتے ہیں انہیں روضہ شریفہ تک جانے کےلیے دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انتظامیہ نے عازمین کی سہولت اور رہنمائی کے لیے مختلف مقامات پر آگاہی بورڈز نصب کیے ہیں۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *