عادل آباد کے سینئر صحافی محمد حمید اللہ انور کو میڈیا ایکریڈیشن کمیٹی کا رکن منتخب کیے جانے پر تہنیتی تقریب

عادلاباد،22/اپریل (اردو لیکس)عادل آباد کے سینیئر صحافی اور روزنامہ رہنمائے دکن کے اسٹاف رپورٹر محمد حمید اللہ انور کو ضلع میڈیا ایکریڈیشن کمیٹی کا رکن منتخب کیے جانے پر ایک باوقار تہنیتی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔

 

یہ تقریب ضلع صدر تلنگانہ اردو ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن محمد شاہد احمد توکل کی رہائش گاہ پر انہی کی زیر صدارت جبکہ محبوب خان (اسٹاف رپورٹر، سیاست) کی سرپرستی میں منعقد ہوئی، جس میں اردو صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

 

تقریب میں شریک اردو صحافیوں کے وفد میں محمد شاہد احمد توکل، محبوب خان، مرزا مجتبیٰ بیگ، آصف الدین، خضر احمد یافعی، عصمت علی، عمیم شریف، محمد محسن، محمد شفیع اور اشفاق احمد شامل تھے۔ تمام نے محمد حمید اللہ انور کو آئی اینڈ پی آر کمشنر اور ضلع کلکٹر کی جانب سے میڈیا ایکریڈیشن کمیٹی کا رکن منتخب کیے جانے پر شال پوشی اور گلپوشی کے ذریعہ پُرجوش تہنیت پیش کی۔

 

صحافیوں نے اس موقع پر کہا کہ محمد حمید اللہ انور کی طویل صحافتی خدمات کے پیش نظر انہیں اس کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، جو عادل آباد کے اردو صحافیوں کے لئے باعثِ فخر ہے۔

 

انہوں نے امید ظاہر کی کہ انور صاحب ایکریڈیشن کمیٹی کے اجلاسوں میں صحافیوں کے مسائل کو مؤثر انداز میں پیش کرتے ہوئے ان کے حل کے لئے بھرپور نمائندگی کریں گے۔

 

اس موقع پر محمد حمید اللہ انور نے تہنیت پیش کرنے والے تمام صحافیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عادل آباد میں اردو صحافیوں کا اتحاد ہی ان کی کامیابی کا اصل سبب ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ آئندہ بھی صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریاں دیانتداری کے ساتھ نبھائیں گے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *