
کھمم: کانگریس کے سینئر قائد مرحوم محمد جاوید کے انتقال کے بعد ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ انصاف کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔ سابق رکنِ پارلیمنٹ و سینئر کانگریس رہنما وی ہنمنت راو نے کھمم میں منعقدہ صحافتی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی قیادت سے اپیل کی کہ مرحوم کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کے خاندان کو مناسب نمائندگی دی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ جاریہ ماہ کی 15 تاریخ کو محمد جاوید سڑک حادثے میں سوریاپیٹ کے قریب حیدرآباد نیشنل ہائی وے پر جاں بحق ہوگئے تھے، جس سے ضلع کھمم میں کانگریس کو بڑا نقصان پہنچا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مرحوم گزشتہ 20 برسوں سے پارٹی کے ایک وفادار سپاہی کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے اور ہر ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھایا۔ خاص طور پر بی آر ایس کے دورِ اقتدار میں انہوں نے مشکلات کے باوجود ضلع میں کانگریس کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
وی ہنمنت راؤ نے مزید کہا کہ 2023 کے اسمبلی انتخابات میں کھمم حلقہ سے ٹی ناگیشور راؤ کی کامیابی میں بھی محمد جاوید کا کلیدی کردار رہا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت، بشمول سونیا اور راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی نے مرحوم کو ایم ایل سی یا ریاستی چیئرمین کے عہدے کا وعدہ کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ محمد جاوید ایک کامیاب رئیل اسٹیٹ تاجر بھی تھے اور ان کی دو بیٹیاں ہیں، جن میں بڑی بیٹی ایل ایل ایم کی تعلیم حاصل کر رہی ہیں جبکہ چھوٹی بیٹی ایم بی بی ایس کے آخری سال میں ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے پارٹی قیادت اور وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے مطالبہ کیا کہ مرحوم کی بڑی بیٹی کو فوری طور پر ریاستی چیئرمین کا عہدہ دیا جائے تاکہ خاندان کو سہارا مل سکے۔
اس موقع پر ضلع کانگریس کے صدر این ستنارائنا، سابق ضلع صدر درگا پرساد اور دیگر اقلیتی قائدین بھی موجود تھے۔

