الیکشن کمیشن کے مطابق مغربی بنگال کی فائنل ووٹر لسٹ میں تقریباً 7 لاکھ نئے ووٹرس کے نام شامل ہو گئے ہیں۔ اس اپ ڈیٹ کے بعد ریاست میں ووٹرس کی مجموعی تعداد بڑھ کر 6,82,51,008 ہو گئی ہے۔


i
مغربی بنگال میں 2 مرحلوں میں ہونے والی ووٹنگ کی تاریخیں اب بالکل قریب ہیں۔ ریاست میں 23 اور 29 اپریل کو ووٹنگ ہونی ہے، لیکن اس سے عین قبل الیکشن کمیشن نے ایک بڑی اپ ڈیٹ جاری کی ہے۔ کمیشن کے مطابق بنگال کی فائنل ووٹر لسٹ میں تقریباً 7 لاکھ نئے ووٹرس کے نام شامل ہو گئے ہیں۔ اس اپ ڈیٹ کے بعد ریاست میں ووٹرس کی مجموعی تعداد بڑھ کر 6,82,51,008 ہو گئی ہے۔
ہندی نیوز پورٹل ’آج تک‘ پر شائع خبر کے مطابق الیکشن کمیشن نے ان 7 لاکھ نئے ووٹرس کا مجموعی اعداد و شمار تو جاری کر دیا ہے، لیکن ان کی مکمل پروفائل کی معلومات شیئر نہیں کی ہیں۔ کمیشن نے اب تک یہ نہیں بتایا ہے کہ ان میں کتنی خواتین اور کتنے مرد ہیں۔ اس کے علاوہ سب سے اہم معلومات یعنی پہلی بار ووٹ ڈالنے والے 18 سالہ نوجوانوں کی تعداد بھی سامنے نہیں آئی ہے۔
اعداد و شمار کو دیکھیں تو ان نئے ووٹرس کو پولنگ کے مراحل کے حساب سے تقسیم کیا گیا ہے۔ ان میں سے تقریباً 3.22 لاکھ افراد 23 اپریل کو ہونے والے پہلے مرحلہ کے انتخاب میں حصہ لیں گے۔ جبکہ باقی بچے تقریباً 3.88 لاکھ افراد 29 اپریل کو دوسرے مرحلے کی ووٹنگ کے دوران اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ نیوز ایجنسی ’پی ٹی آئی‘ کے مطابق، الیکشن کمیشن کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ قوانین کے تحت مجموعی اعداد و شمار جاری کر دیے گئے ہیں، لیکن عمر اور جنس کا تفصیلی ڈیٹا ابھی الگ رکھا گیا ہے، جسے بعد میں شیئر کیا جا سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے فارم-6 کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں کے حوالے سے بھی صورتحال واضح نہیں ہے۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ مجموعی طور پر کتنی درخواستیں موصول ہوئی تھیں اور ان میں سے کتنی قبول یا مسترد ہوئیں۔ اس کے علاوہ یہ اشارہ بھی دیا گیا ہے کہ اگر ٹریبونل کی طرف سے کوئی حکم آتا ہے، تو کل ووٹرس کی تعداد میں ابھی مزید تبدیلی ہو سکتی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہوگا کہ ووٹنگ سے عین قبل شامل ہونے والے یہ 7 لاکھ ووٹرس بنگال الیکشن کے نتائج پر کیا اثر ڈالتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
