[]
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 13 آبان (4 نومبر) تین اہم واقعات کی وجہ سے منایا جاتا ہے؛ امام خمینی کے راستے پیرو مسلمان طلباء کی جانب سے 1979 میں تہران میں سابق امریکی سفارت خانے پر قبضے کی سالگرہ، شاہ ایران کی جانب سے 1964 میں امام خمینی کی جلاوطنی اور یومِ طلبہ جب 1978 میں شاہ کے خلاف احتجاجی ریلی میں حصہ لینے والے کئی طلباء شہید ہو گئے تھے۔
اس سال بھی پورے ایران میں کیسپئین سی سے لے کر خلیج فارس تک مختلف مقامات پر زندگی کے مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے ریلیوں میں بڑی تعداد میں شرکت کررہے ہیں۔ ریلیوں میں عالمی استکبار کے خلاف نعروں کے ساتھ غزہ کے مظلوم عوام پر صہیونی جارحیت کی مذمت بھی کی جارہی ہے۔
مختلف صوبوں اور شہروں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق ہفتے کی صبح عوام نے بڑی تعداد میں گھروں سے نکل کر ریلیوں کے مخصوص مقامات پر پہنچنا شروع کیا۔
صوبہ اصفہان میں ریلی
صوبہ اصفہان میں ریلی کا آغاز صبح نو بجے ہوا اور مختلف مقامات سے لوگوں نے ریلی کی جگہ پہنچ کر ریلی میں حصہ لیا۔
ایلام میں بھی ملک کے دیگر مقامات کی طرح صبح کے ابتدائی اوقات میں ہی لوگوں نے ریلی میں شرکت کرنا شروع کیا اور غزہ کے مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا۔
بوشہر کے مختلف مقامات پر بھی عوام نے صبح کے ابتدائی ساعات میں ہی گھروں سے نکل استکبار مخالف ریلی میں حصہ لینا شروع کیا۔
تہران سے مہر نیوز کے نامہ نگار کے مطابق مختلف مقامات سے صبح کے آغاز پر ہی لوگوں میں چھوٹی چھوٹی ریلیوں کی شکل میں مرکزی مقام کی طرف حرکت کرنا شروع کیا۔ آج کے دن کی مناسبت سے تہران کے گورنر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 13 آبان اہم ترین اور مفردترین دن ہے یہ دن امریکی استکبار سے مقابلے کا دن ہے۔ آج فلسطینی عوام پر ہونے والے مظالم کی وجہ سے صہیونی جنایت کار حکومت کے خلاف غم و غصے کے اظہار کا دن بھی ہے۔
غزہ میں بے گناہ بچوں کا قتل ایک انسانی المیہ ہے جو دنیا کی نظروں کے سامنے ہورہا ہے اور عالمی برادری اور ادارے ان مظالم پر خاموش ہیں۔ یہ واقعات صہیونی حکومت تاریخ میں صہیونی حکومت کے کارناموں کے طور پر باقی رہیں گے۔
چہارمحال بختیاری
چہارمحال بختیاری سے موصولہ اطلاعات کے مطابق عوام مخصوصا طلباء کی بڑی تعداد مختلف مقامات پر استکبار مخالف ریلیوں میں شریک ہیں۔
خراسان رضوی کے شہری مشہد کے بسیج اسکوائر پر جمع ہوکر امام رضا علیہ السلام کے حرم مطہر کی جانب ریلی کی شکل میں رواں دواں ہیں۔
خراسان شمالی میں بھی عوام کی بڑی تعداد 13 آبان کی مناسبت سے ریلیوں میں شرکت کررہے ہیں۔ اس موقع پر سپاہ پاسداران انقلاب کے صوبائی کمانڈر نے کہا کہ اس سال کا لوگوں نے ریلی میں شرکت کرکے فلسطینی مظلوم عوام کے یکجہتی کا اظہار کیا۔
سیستان و بلوچستان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صوبائی صدر مقام زاہدان میں 13 آبان کی مناسبت سے ریلی نکالی جارہی ہے جس میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے شرکت کررہے ہیں۔
خوزستان سے ہمارے نمائندے نے خبر دی ہے کہ صوبے کے مختلف مقامات پر عوام صبح ساڑھے نو بجے گھروں سے نکل کر استکبار مخالف ریلی میں شرکت کررہے ہیں۔ اور امام خمینی کے آرمانوں کی پیروی کرتے ہوئے رہبر معظم سے تجدید عہد کررہے ہیں۔
قزوین میں بھی ملک کے دیگر صوبوں کی طرح استکبار مخالف ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور صوبے کے مرکز میں واقع میرعماد اسکوائر پر جمع ہوکر استکبار مخالف نعرے لگائے جارہے ہیں۔
کرمان میں بھی اسکولوں کے طلباء اور دیگر طبقات سے تعلق رکھنے والے 13 آبان کی ریلی میں شریک ہوکر فلسطینی عوام پر اسرائیل کے مظالم کے خلاف نعرے لگارہے ہیں۔
کرمانشاہ سے ہمارے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ مختلف مقامات پر 13 آبان کی ریلیاں منعقد ہورہی ہیں۔ اس موقع پر صوبائی تعلیم و تربیت کے امور کے سربراہ نے کہا کہ ایرانی عوام امریکی جنایات کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ اس سال اسکولوں کے طلباء فلسطینی مظلوم عوام پر صہیونی ظالم حکومت کے مظالم کے خلاف بھی احتجاج کریں گے۔
کھگیلویہ و بویراحمد کے مختلف علاقوں سے عوام نے صبح کے آغاز کے ساتھ ہی ریلیاں نکال کر عالمی استکبار کے خلاف مظاہرہ کرنا شروع کیا۔ ریلی کے شرکاء یاسوج کے مختلف مقامات پر نکل کر امریکہ اور اسرائیل کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں۔
مازندران سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سکولوں سے استکبار مخالف گھنٹی کی صدا بلند ہوتے ہی طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے ریلیاں نکالنا شروع کیا۔ صوبائی تعلیم و تربیت کے شعبے کے سربراہ محمد حسین رمضانی نے کہا کہ آج کی ریلیوں میں شریک عوام امریکہ اور اسرائیل کے مظالم کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں۔
ساحلی صوبے ہرمزگان سے ملنے والی خبروں کے مطابق بڑی تعداد میں طلباء اور مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے بندرعباس کے مختلف مقامات پر ریلیوں میں شرکت کررہے ہیں۔