مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ سید علی خامنہای کی شہادت کے بعد مجلس خبرگان رہبری نے مشاورت کے بعد آیت اللہ سید مجتبی خامنہای کو اسلامی جمہوری ایران کا تیسرا رہبر منتخب کرلیا ہے۔ اس اعلان کے بعد ملک کے مختلف طبقات کی طرح اہل سنت علما اور عوام نے بھی نئے رہبر کی بیعت ساتھ اپنی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
آیت اللہ مجتبی خامنہ ای کی بیعت شرعی وظیفہ ہے، اہل سنت عالم دین
درگهان شہر کے اہل سنت امام جمعہ شیخ عیسی چہرہ افروز نے ایک پیغام میں آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہای کے ساتھ اپنی شرعی اور قانونی بیعت کا اعلان کیا اور اس انتخاب کو ملک کے استحکام اور سکون کا باعث قرار دیا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ مجلس خبرگان کی جانب سے آیت اللہ سید مجتبی خامنہای کا انتخاب ایسے وقت میں ہوا ہے جب دشمن ایران میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ یہ فیصلہ نظام کی بصیرت اور الٰہی تائید کی علامت ہے۔
شیخ عیسیٰ چہرہ افروز نے مزید کہا کہ اس علاقے کے اہل سنت علما اور عوام ہمیشہ ولایت کے ساتھ اپنے عہد پر قائم رہے ہیں اور آج بھی پورے اخلاص کے ساتھ نئے رہبر کی قیادت کی حمایت کرتے ہیں۔
نئے رہبر کے ساتھ بیعت کلمہ حق کی سربلندی کا عہد ہے، شیخ فہمی
بندرعباس کے امام جمعہ اور اہل سنت عالم دین شیخ محمد صدیق فہیمی نے مجلس خبرگان رہبری کے انتخابی عمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ خداوند متعال سے دعا ہے کہ نئے رہبر کو ہدایت اور بصیرت عطا کرے تاکہ انقلاب اسلامی کو ایمان، اقتدار اور حکمت کے ساتھ آگے بڑھایا جاسکے۔
انہوں نے اس انتخاب کو ایرانی عوام اور مسلمانوں کے لیے خوشخبری قرار دیا اور کہا کہ یہ نہ صرف ایک الٰہی اور انسانی انتخاب ہے بلکہ اسلام، مقاومت اور ایرانی اسلامی اقدار کے تسلسل کی علامت بھی ہے۔
شیخ فہیمی نے وضاحت کی کہ ان کی بیعت نہ صرف ایک دینی فریضہ بلکہ سیاسی اور سماجی تعہد بھی ہے تاکہ اسلام، مسلمانوں کی حمایت اور کلمہ حق کی سربلندی کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے۔
شیخ فہیمی نے شہید آیت اللہ سید علی خامنہای کو ایمان، اقتدار اور عالمی دباؤ کے مقابلے میں استقامت کا حقیقی نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت نے اسلامی قوم کے دل میں گہرا زخم چھوڑا۔
مشرقی اور جنوبی کرمان کے بلوچ قبائلی سرداروں کی آیت اللہ مجتبی خامنہ ای سے بیعت
صوبہ کرمان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں کے بلوچ قبائلی سرداروں نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے رہبر معظم انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای (حفظہ اللہ تعالی) کے ساتھ اپنی وفاداری کی تجدید کی اور اعلان کیا کہ وہ ماضی کی طرح ولایت کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور اس راستے میں قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔
اس بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم، صوبہ کرمان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں کے قبائلی سردار، اپنے عزیز ہم وطنوں اور باہمت ہم صوبائی بھائیوں کے ساتھ مل کر ولی فقیہ اور امامِ امت حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای (حفظہ اللہ تعالی) سے اپنے خون کے ساتھ بیعت کرتے ہیں اور اعلان کرتے ہیں کہ جس طرح ہم اپنے شہید رہبر کے ساتھ ایک مضبوط بازو کی طرح کھڑے تھے، اسی طرح نئے قائد کی خدمت میں بھی کھڑے رہیں گے۔”
بیان میں بلوچ قبائلی سرداروں نے انقلاب کے رہبر سے اپنی واحد درخواست یہ بیان کی کہ قرآن کی آیت کے مطابق شہید رہبر اور تمام مظلوم ہم وطنوں کے خون کا بدلہ دنیا کے مجرم عناصر، یعنی امریکہ اور بچوں کے قاتل اسرائیل اور ان کے تمام حامیوں سے پوری قوت کے ساتھ لیا جائے۔
آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای اولی الامر، جامع الشرائط اور واجب الاطاعت ہیں
اہلِ سنت کے دینی مدارس کی منصوبہ بندی کونسل کے رکن حاج گلدی آخوند کمالی نے کہا ہے کہ اہلِ سنت کے فقہی اور کلامی مبانی کی بنیاد پر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کو اولی الامر، جامع الشرائط اور واجب الاطاعت سمجھتے ہوئے میں اپنی بیعت کا اعلان کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ ان کی ہدایت اور قیادت میں عالمِ اسلام کی عزت اور اقتدار کا سفر مزید قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔
قشم کے اہلِ سنت علماء کی رہبرِ معظم انقلاب سے پُرعزم بیعت
جزیرہ قشم کے اہلِ سنت دین مدارس کی کونسل، اساتذہ اور طلبہ نے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر منتخب ہونے کے بعد ایک اہم بیان جاری کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم عاجزی کے ساتھ خداوندِ متعال کے شکر گزار ہیں کہ لیالیِ قدر کی بابرکت گھڑیوں اور ایک حساس مرحلے پر مجلس خبرگانِ رہبری کے اراکین کے دلوں کو آپ کے دانشمندانہ اور فیصلہ کن انتخاب کی طرف مائل فرمایا تاکہ اس الٰہی نظام کی ہدایت کا پرچم ایسے باکفایت ہاتھوں میں رہے جو امام خمینیؒ اور شہید امام خامنہ ای کے نورانی راستے کو جاری رکھنے والے ہوں۔
بیان میں کہا گیا کہ قشم بھائی چارے اور بقائے باہمی کی عملی مثال کے طور پر ہمیشہ سے روحانیت، پاسداران اور اہلِ سنت برادران میں سے قیمتی شہداء پیش کر کے انقلاب کے اعلیٰ مقاصد سے اپنی وفاداری ثابت کرتا آیا ہے۔
اب بھی ہم اس سرزمین کے روحانی فرزند، مقامِ معظّم ولایت کے ساتھ اپنی اٹوٹ بیعت کی تجدید کرتے ہوئے اعلان کرتے ہیں کہ اللہ کے کلمے کی سربلندی اور اسلامی ایران کی عزت و وقار کے تحفظ کے لیے آپ کی مدبرانہ ہدایات کے مطابق آگے بڑھنے کے لیے مکمل آمادہ ہیں۔
آیت اللہ خامنہ ای کا انتخاب بدخواہوں کے منہ پر طمانچہ ہے، اہل سنت عالم دین
قشم کے علاقے کورزین کے امامِ جمعہ شیخ عبداللہ مقدسی نے رہبر معظم حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے انتخاب پر اپنے پیغام میں کہا کہ مجلس خبرگان کی جانب سے ان کا انتخاب مزاحمت اور اسلامی وحدت کے پیکر میں ایک نئی روح پھونکنے کے مترادف ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آیت اللہ مجتبی خامنہ ای کا دانشمندانہ انتخاب، جو شہید امام خامنہ ای کے نورانی راستے کا تسلسل ہے، کوئی رسمی یا تشریفاتی فیصلہ نہیں بلکہ ملتِ ایران کی طرف سے ان بدخواہوں کو ایک فیصلہ کن اور دشمن شکن جواب ہے جو تفرقہ پیدا کرنے کے خام خیالات رکھتے تھے۔ ہم قشم کے عوام اعلان کرتے ہیں کہ یہ مبارک انتخاب امتِ مسلمہ کے اتحاد کی بنیادوں کو پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط بنا چکا ہے۔
آیت اللہ مجتبی خامنہ ای کی قیادت میں انقلاب اسلامی کے اہداف کی سمت سفر مزید تیز ہوگا، ماموستا مرادی
کرمانشاہ کے اہل سنت امام جمعہ ماموستا عبدالرحمن مرادی نے کہا ہے کہ نئے رہبر کی ہدایت اور ایرانی قوم کی ہمراہی کے ساتھ انقلابِ اسلامی کے اہداف کی جانب سفر مزید تیزی سے آگے بڑھے گا اور ملک ترقی و اقتدار کے راستے پر گامزن رہے گا۔
انہوں نے مہر نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے نئے رہبر کے انتخاب کے بعد ملک کی صورتحال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملتِ ایران نئے رہبر کے انتخاب کے ساتھ قومی استحکام اور اقتدار کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہوگی اور یہ تبدیلی داخلی اتحاد کو مزید مضبوط بنانے اور انقلابِ اسلامی کے راستے کے تسلسل کا سبب بنے گی۔
مولوی عبدالستار حسین زہی، امامِ جمعہ اہلِ سنت خاش کا پیغام
میں نہایت فخر اور احترام کے ساتھ مجلس خبرگانِ رہبری کی جانب سے آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے اسلامی جمہوریہ ایران کے تیسرے رہبر کے طور پر دانشمندانہ اور شایستہ انتخاب پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ایران کے معزز عوام اپنے شہید رہبر کی یادگار کے ساتھ ہمیشہ مکمل وفاداری کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
میں اس وطن کے ایک فرزند کی حیثیت سے اسلامی و قومی تشخص کے تحفظ کے راستے میں اسلام، مسلمانوں اور اپنے وطن کی خدمت کے لیے ایک مخلص خادم کے طور پر ہمیشہ تیار ہوں۔
امامِ جمعہ اہلِ سنت بندر تنگ اور مدرسہ علومِ دینی فاروقیہ کے مہتمم عبدالقدیر ملک رئیسی کا پیغام
اسلامی انقلاب کی قیادت اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کے طور پر آیت اللہ مجتبی خامنہ ای کے انتخاب پر ہم دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
ہم پورے اخلاص کے ساتھ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اسلامی جمہوری ایران کے تیسرے رہبر کے طور پر ان کا انتخاب ملتِ ایران کے دلوں میں امید پیدا کرے گا اور قومی وحدت کو مزید مضبوط کرے گا۔ ہم آیت اللہ مجتبی خامنہ ای کے احکامات کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے امید کرتے ہیں کہ آپ کی حکیمانہ قیادت میں ایران عزیز ترقی اور کمال کی راہ پر گامزن ہوگا۔
امامِ جمعہ مسجدِ قبا، ایرانشہر عبدالواحد بامری کا پیغام
اسلامی جمہوریہ ایران کی قیادت اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کے طور پر آیت اللہ مجتبی خامنہ ای کی تقرری پر میں دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہم ایرانشہر کے ائمہ جمعہ پورے اخلاص کے ساتھ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اسلامی ایران کے تیسرے رہبر کے طور پر ان کا انتخاب ملتِ ایران کے دلوں میں امید اور اتحاد کو مزید مضبوط کرے گا۔
میں بطور امامِ جمعہ ایرانشہر آیت اللہ مجتبی خامنہ ای کے احکامات کی حمایت کا اعلان کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ ان کی حکیمانہ قیادت میں ایران عزیز ترقی، عزت اور سربلندی کی راہ پر آگے بڑھے گا۔
امام جمعہ ہنزم زیردان مولوی عبدالحمید بلوچ کا پیغام
میں اپنی جانب سے اور گاؤں ہنزم کے حوزہ علمیہ کے اساتذہ کی طرف سے مجلس خبرگانِ رہبری کے معزز نمائندوں کے اس شایستہ انتخاب پر امتِ مسلمہ، ملتِ ایران اور اسلامی جمہوریہ ایران کے نظام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے حجت الاسلام والمسلمین حاج سید مجتبیٰ خامنہ ای کو اسلامی انقلاب کے تیسرے رہبر کے طور پر منتخب کیا۔
میں خداوندِ حکیم و قادر سے ان کے لیے مزید توفیق اور کامیابی کی دعا کرتا ہوں۔
امام جمعہ گاؤں کوشوک، ضلع قصرقند مولوی مولابخش رئیسی کا پیغام
ہم نہایت عاجزی اور احترام کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس نظام کی قیادت کے اعلیٰ منصب پر حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای دامت برکاتہ کے شایستہ انتخاب پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
بلاشبہ یہ انتخاب انقلابی ملتِ ایران کے لیے حوصلہ افزا ہے اور حضرت امام خمینیؒ کے نورانی راستے کے تسلسل کی واضح علامت ہے۔
