لباس رسول ص کی توہین نا قابل برداشت مرکزی شیعہ علماء کونسل کا بیان
حیدرآباد، 11 جنوری (راست):
مرکزی شیعہ علماء کونسل نے ایک حالیہ مذہبی محفل کے دوران بعض افراد کی جانب سے اشعار کی آڑ میں لباسِ رسولِ اکرم ﷺ اور ائمۂ معصومینؑ کی توہین اور علماء و مراجعِ کرام کے خلاف نازیبا کلمات کہے جانے کے واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
کونسل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے قابلِ اعتراض اور گستاخانہ الفاظ کا دہرانا بھی مناسب نہیں، تاہم یہ عمل نہایت افسوسناک اور ناقابلِ برداشت ہے۔ مرکزی شیعہ علماء کونسل نے اس قبیح حرکت میں ملوث عناصر سے مکمل بیزاری کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ مقدساتِ اہلِ بیتؑ اور دین کے خدمت گزار علماء کی توہین کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔
بیان میں تمام مؤمنین سے اپیل کی گئی ہے کہ ایسے افراد کو، جو مذہبی شعائر اور علماء کی بے حرمتی کے مرتکب ہوں، اپنی دینی و مذہبی محافل سے دور رکھا جائے اور انہیں کسی بھی پلیٹ فارم پر موقع نہ دیا جائے۔
مرکزی شیعہ علماء کونسل نے اس بات پر زور دیا کہ مذہبی اقدار اور مقدسات کے احترام کو برقرار رکھنا پوری ملت کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
