رجب کے ایام بیض: ایران بھر کی 12 ہزار مساجد میں 15لاکھ سے زائد کا اعتکاف

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مرکزی اعتکاف کمیٹی کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید علیرضا تکیہ‌ای نے بتایا ہے کہ ماہِ رجب کے ایام بیض کے دوران ملک بھر کی تقریبا 12 ہزار مساجد میں ڈیڑھ ملین سے زائد معتکفین کی شرکت متوقع ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مختلف صوبوں سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اعتکاف کے لیے مساجد کی تیاری مکمل کرلی گئی ہے، تاہم رجسٹریشن کا عمل آخری لمحات تک جاری رہنے کے باعث معتکفین کی حتمی تعداد اعتکاف کے اختتام پر جاری کی جائے گی۔ دیہی علاقوں سے لے کر اضلاع اور صوبائی دارالحکومتوں تک عوامی سطح پر اعتکاف میں بھرپور دلچسپی دیکھنے میں آرہی ہے۔

حجت الاسلام تکیہ‌ای نے وضاحت کی کہ مرکزی اعتکاف کمیٹی کا کردار رہنمائی اور سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ اعتکاف ایک مسجد محور اور عوامی سطح پر منعقد ہونے والا عمل ہے، جس کے اخراجات خود شرکاء برداشت کرتے ہیں۔

ان کے مطابق رواں سال اعتکاف کے روحانی و فکری معیار کو بہتر بنانے کے لیے مختلف تربیتی پروگرام ترتیب دیے گئے ہیں، جن میں خدام، منتظمین اور رضاکاروں کے لیے کورسز اور ورکشاپس شامل ہیں۔ اسی سلسلے میں گزشتہ برس قومی اعتکاف کانفرنس میں 700 سے زائد رضاکاروں نے شرکت کی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ طلباء، میڈیا سے وابستہ افراد اور اعتکاف کے منتظمین کے لیے علیحدہ تربیتی پروگرامز منعقد کیے گئے، جبکہ ملک بھر کے کامیاب اعتکاف تجربات کو تحریری شکل دے کر چار عملی رہنما کتابیں بھی شائع کی گئی ہیں۔

مرکزی اعتکاف کمیٹی کے سربراہ کے مطابق مجموعی طور پر معتکفین میں 70 فیصد نوجوان اور نو عمر افراد شامل ہیں، جبکہ 205 مساجد میں خصوصی طور پر ماؤں اور کم سن بچوں کے لیے ’’ماں بیٹی اعتکاف‘‘ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

حجت الاسلام تکیہ‌ای نے کہا کہ اب تک کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال اعتکاف میں مساجد اور معتکفین دونوں کی تعداد میں تقریباً 30 فیصد اضافہ ہوا ہے جو اس روحانی عبادت کے بڑھتی ہوئی سماجی مقبولیت کی علامت ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *