
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جارجیا میں ایران کے سفیر محمود ادیب نے اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے اختتام پر جارجین پارلیمنٹ کے اسپیکر شلوا پاپواشویلی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں اسپیکر شلوا پاپواشویلی نے محمود ادیب کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہم تعلقات کی مضبوطی کے لیے آپ کی کوششوں سے آگاہ ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ جنوبی قفقاز میں حالیہ کشیدگی کے دوران آپ نے بطور ایرانی سفیر تعلقات کو بہترین طریقے سے سنبھالا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جارجیا کی پالیسی خطے میں امن کا قیام ہے اور بعض دیگر ممالک کے برعکس ایرانیوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ بحرانوں سے نمٹنے کے لیے ضروری سیاسی بلوغت اور صلاحیت رکھتے ہیں۔
ایرانی سفیر محمود ادیب نے اسپیکر کے مثبت نقطہ نظر کی تعریف کی اور کہا کہ قفقاز میں ایران کی مستقل پالیسی امن کا استحکام اور تمام ممالک کی جغرافیائی سالمیت کا احترام ہے۔
انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان ویزا کے خاتمے کو باہمی ارادے کی جیت قرار دیتے ہوئے پارلیمانی سفارت کاری اور دوستی کے وفود کے تبادلوں پر زور دیا۔
سفیر محمود ادیب نے جارجیا کے امیگریشن قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ جارجیا میں مقیم ایرانی شہریوں کے احترام، وقار اور حقوق کا ہر سطح پر خیال رکھا جانا چاہیے۔
