
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے دارالحکومت تہران میں ایران اور جاپان کے درمیان سیاسی مشاورت کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایرانی وزارتِ خارجہ میں ایشیا پیسیفک کے ڈائریکٹر جنرل اور معاون وزیر خارجہ علی اصغر محمدی اور جاپانی وزارتِ خارجہ کے مشرقِ وسطیٰ و افریقہ بیورو کے ڈائریکٹر جنرل اور معاون وزیر کیچی ایواموٹو نے کی۔
اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے نمائندوں نے دوطرفہ دلچسپی کے مختلف امور سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف سطحوں پر جاری سیاسی مشاورت کے مثبت رجحان پر اطمینان کا اظہار کیا اور اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں میں دلچسپی ظاہر کی۔ اس سلسلے میں جاپانی وزیر خارجہ کے دورہ تہران کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے قیام میں مدد کے لیے دوطرفہ، علاقائی اور عالمی سطح پر تعاون اور ہم آہنگی کے نئے راستوں کی نشاندہی کی جائے۔ دونوں ممالک کے سفارت کاروں نے اتفاق کیا کہ موجودہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تہران اور ٹوکیو کے درمیان مسلسل رابطہ ناگزیر ہے۔
اپنے دورہ تہران کے دوران جاپانی سفارت کار کیچی ایواموٹو نے ایرانی نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور مجید تخت روانچی سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی۔
