
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی قدس فورس کے کمانڈر جنرل اسماعیل قاآنی نے کہا ہے کہ یمن کے بروقت اور مقتدرانہ اقدام نے مقاومتی محاذ کی بصیرت اور آمادگی کو ثابت کر دیا ہے، اور اگر ضرورت پیش آئی تو دیگر فریق بھی میدان میں آئیں گے۔
سردار قاآنی نے کہا کہ آبنائے ہرمز سے باب المندب تک اور خلیج فارس سے بحیرۂ احمر تک مزاحمت کا ایک نیا سکیورٹی حصار تشکیل پائے گا۔ خطے میں اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے کی جانے والی کسی بھی جارحانہ کارروائی کا جواب مقاومتی محاذ کی طرف سے مل کر دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خطے کی اہم بحری گزرگاہوں اور تزویراتی راستوں پر موجود مزاحمتی قوتیں حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اگر اسرائیل اور امریکہ اپنی موجودہ پالیسیوں اور کارروائیوں کو جاری رکھتے ہیں تو انہیں اس کے نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
سپاہِ قدس کے کمانڈر نے اپنے بیان میں اس بات پر زور دیا کہ خطے میں رونما ہونے والے واقعات مزاحمتی قوتوں کے درمیان تعاون اور ہم آہنگی کا عکاس ہیں۔ یہ اتحاد مستقبل میں بھی علاقائی معاملات پر اثر انداز ہوتا رہے گا۔
