ایران امریکہ مذاکرات میں پیش رفت کی امید ہے، ترک وزیر خارجہ 

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدہ پہلے کے کسی بھی وقت کے مقابلے میں زیادہ قریب دکھائی دے رہا ہے۔

جاپان کے اخبار نکی ایشیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے عالمی نتائج انتہائی سنگین ہیں اور اس سے بالخصوص توانائی کی منڈیوں اور غذائی تحفظ پر گہرے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

ہاکان فیدان نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ترکی موجودہ صورتحال میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ بحری آمدورفت کے لیے کھولنے کو اپنی اولین ترجیح سمجھتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدے تک پہنچنے کے امکانات پہلے سے کہیں زیادہ روشن ہیں۔

ترک وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ انقرہ کے نزدیک آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آزادانہ نقل و حرکت کی بحالی، ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری تنازع کے حل سے زیادہ اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ خلیج فارس سے تیل کی ترسیل میں رکاوٹ ترکی جیسے توانائی درآمد کرنے والے ملک کے لیے براہ راست چیلنج بن سکتی ہے، اسی لیے بحری تجارتی راستوں کی بحالی انقرہ کی بنیادی ترجیح ہے۔

ہاکان فیدان نے انٹرویو میں یہ بھی کہا کہ ترکی ڈرونز کی تیاری اور ترقی کے شعبے میں جاپان کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے اور دفاعی ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنی شراکت داریوں کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔

[]

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *