
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کے مقابلے میں لبنانی عوام کے دفاع کے لیے ایران کا ردعمل اس بات کا واضح پیغام ہے کہ تہران لبنان کے ساتھ اخلاقی، سیاسی اور عملی سطح پر اپنی وابستگی برقرار رکھے ہوئے ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنانی حکام کو موجودہ صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے مطابق ازسرنو منظم اور بہتر بنانا چاہیے۔
حزب اللہ نے زور دے کر کہا کہ لبنانی حکام ایران کی جانب سے فراہم کی جانے والی حمایت اور تعاون سے استفادہ کریں تاکہ قومی مقاصد کے حصول میں مدد مل سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران کا حالیہ موقف اس یقین پر مبنی ہے کہ خطے اور اس کے ممالک کا استحکام اس بات سے وابستہ ہے کہ تمام فریق جنگ بندی اور دیگر معاہدوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ کوششیں کریں اور اسرائیل کو ان معاہدوں کی پابندی پر مجبور کیا جائے۔
حزب اللہ کے مطابق لبنان کے جائز حقوق کی حمایت اور اس راہ میں سیاسی و مالی اخراجات برداشت کرنا ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ ایران لبنان کا حامی اور مددگار ہے، نہ کہ لبنان ایران کا۔
تنظیم نے لبنانی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کی حمایت پر قدردانی کا اظہار کریں اور بیرونی دباؤ یا ہدایات کے تحت تہران کے خلاف توہین آمیز موقف اختیار کرنے سے گریز کریں۔
بیان میں کہا گیا کہ بیرونی قوتوں کی ہدایات ایران کے جرات مندانہ موقف اور اس کی وفاداری کو متاثر نہیں کر سکتیں، خصوصاً ایسے دور میں جب مفادات کو اصولوں پر ترجیح دی جا رہی ہے۔
حزب اللہ نے بعض حلقوں کی جانب سے اسرائیلی جارحیت روکنے میں ایران کے کردار کے خلاف لگائے جانے والے الزامات کو بے بنیاد اور ناقابل قبول قرار دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران کا ردعمل یمن کی انصار اللہ کی حمایت کے ساتھ اس مقصد کے تحت سامنے آیا تاکہ امریکہ کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ اسرائیلی جارحیت کی پشت پناہی تمام معاہدوں اور مفاہمتوں کو خطرے میں ڈال دیتی ہے۔
حزب اللہ نے کہا کہ ایران اس بات پر زور دیتا ہے کہ کسی بھی جنگ بندی معاہدے کا اطلاق تمام محاذوں، بالخصوص لبنان، پر ہونا چاہیے۔
بیان کے مطابق خطے میں مزاحمتی قوتوں کی موجودگی اور ان کی طاقت لبنانی ریاست کو یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ بالواسطہ مذاکرات کے ذریعے اسرائیل کو پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کرے اور بے گھر ہونے والے شہریوں کی واپسی اور ملک کی تعمیر نو کے لیے سازگار ماحول پیدا کرے۔
حزب اللہ نے اپنے بیان کے اختتام پر ایران کی قیادت، پاسداران انقلاب اور ایرانی عوام کی جانب سے لبنان کے حقوق کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے موقف کو جرات مندانہ اور وفادارانہ قرار دیا۔
