
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تحریک النجباء عراق کے سیکریٹری جنرل شیخ اکرم الکعبی نے اسرائیل کے خلاف حالیہ اقدامات پر ایران کی قیادت اور پاسداران انقلاب کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے صہیونی حکومت کے خلاف ایران کی جانب سے کی گئی کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات نے اسرائیل کو اس کی پالیسیوں پر مؤثر جواب دیا ہے۔
شیخ اکرم الکعبی نے یمن کی مسلح قوتوں کی فوری کارروائیوں کو بھی قابل ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یمنی مجاہدین کا بروقت اقدام دشمن کے لیے ایک غیر متوقع اور چونکا دینے والا جواب ثابت ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ذلت اور رسوائی ان حکمرانوں کا مقدر ہے جو عالمی طاقتوں کے دباؤ، توہین اور تحقیر کو قبول کر لیتے ہیں اور اپنے قومی وقار کا دفاع نہیں کرتے۔
النجباء کے سربراہ نے بعض عراقی حلقوں کو مخاطب کرتے ہوئے خبردار کیا کہ ایسے عناصر کے ساتھ مفاہمت اور سمجھوتے کی کوششیں بے سود ہیں جن کی سیاست ظلم، بدعنوانی، دھوکے، جھوٹ اور خیانت پر مبنی ہو۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایسے فریقوں کے ساتھ صرف طاقت اور اسلحے کی زبان ہی مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔
شیخ اکرم الکعبی نے مزید کہا کہ مزاحمت اور طاقت کے ذریعے دفاع کا راستہ ان کا واضح انتخاب ہے اور وہ کسی بھی صورت اس پالیسی سے دستبردار نہیں ہوں گے۔
