
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی بری فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی جهانشاهی نے ملک کے مغربی سرحدی علاقے میں واقع 71ویں میکانائزڈ پیادہ بریگیڈ ابوذر کے آپریشنل یونٹوں کا دورہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بری فوج کے تمام دستے اپنے سپرد کردہ فرائض کی انجام دہی اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے علاقے میں تعینات یونٹوں کی جنگی اور آپریشنل تیاری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بری فوج کے دستے مکمل چوکس تیار ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بریگیڈیئر جنرل جهانشاهی نے کہا، بری فوج کے جوان مکمل ہوشیاری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں اور سپریم کمانڈر کی قیادت میں اسلامی جمہوریہ ایران کی علاقائی سالمیت، آزادی اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے آخری قطرۂ خون تک ڈٹے رہیں گے۔
انہوں نے سرحدی علاقوں میں پائیدار سلامتی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دفاعی صلاحیت، بازدارتی قوت اور آپریشنل تیاری کو مسلسل بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ان کے مطابق ملک کی سرحدوں کا امن اور استحکام مسلح افواج کی مستقل موجودگی، تیاری اور مؤثر کارکردگی کا نتیجہ ہے۔
ایرانی بری فوج کے کمانڈر نے 71ویں میکانائزڈ پیادہ بریگیڈ ابوذر کے افسران اور جوانوں کی خدمات، قربانیوں اور جذبۂ ایثار کو سراہتے ہوئے ان کی جنگی صلاحیت، نظم و ضبط اور تیاری کو اطمینان بخش قرار دیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ فوجی دستوں کی جنگی اور آپریشنل تیاری کو ان کے سپرد کردہ فرائض اور ذمہ داریوں کے مطابق مزید بہتر بنانے کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے گا۔
دورے کے دوران بریگیڈیئر جنرل علی جهانشاهی نے بریگیڈ کے مختلف آپریشنل شعبوں، عسکری سازوسامان اور جنگی صلاحیتوں کا معائنہ بھی کیا اور یونٹ کی حالیہ سرگرمیوں اور آئندہ منصوبوں کا جائزہ لیا۔
